برقی شرح میں تخفیف ، پانی کی مفت سربراہی کی عنقریب خوشخبری

نئی دہلی /20 فروری (سیاست ڈاٹ کام) اپنا عہدہ سنبھالنے کے ایک ہفتہ بعد چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج کہا کہ ان کی حکومت برقی شرح میں تخفیف کرے گی اور مفت پانی سربراہ کرے گی، جیسا کہ اس کے انتخابی وعدے ہیں۔ یہ خوش خبری بہت جلد دی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ ان کی حکومت اپنا لائحہ عمل تیار کرچکی ہے اور تمام انتخابی تیقنات بشمول مفت وائی فائی کے وعدوں کی تکمیل کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی حکومت کئی محاذوں بشمول افراط زر پر قابو پانے کے سلسلے میں مصروف ہے۔ انھوں نے کہا کہ دہلی کو نہ صرف داخلی بلکہ خارجی سیاحت کا مرکز بنایا جائے گا۔ اس کے قائدین انا ہزارے کے احتجاج میں شرکت کے لئے تیار ہیں اور حصول اراضی قانون میں ترمیمات چاہتے ہیں۔ اناہزارے نے پہلے ہی کہہ دیا ہے کہ وہ کسی سیاسی پارٹی کے ساتھ شہ نشین میں شرکت نہیں کریں گے،

لیکن وہ عام آدمی پارٹی کارکنوں کو جو ان کے حامی ہیں، احتجاج میں شرکت سے منع بھی نہیں کریں گے۔ اناہزارے 23 فروری سے حصول اراضی قانون میں ترمیمات کا مطالبہ کرتے ہوئے جنترمنتر پر دو دن کا دھرنا دینے کا اعلان کرچکے ہیں۔ انھوں نے اس قانون کو کاشت کار دشمن قرار دیا ہے۔ غازی آباد سے موصولہ اطلاع کے بموجب چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کا تیسرا جنتا دربار آج منعقد ہوا، جس میں ان سے ملاقات کرنے کے لئے اساتذہ، سائنس داں اور تاجر قطار بنائے کھڑے تھے۔ تقریباً 500 افراد کا ہجوم تھا۔ انھوں نے کجریوال کو اپنی اپنی درخواستیں پیش کیں۔ ان میں سے کچھ لوگ کرایہ قانون کی بعض دفعات منسوخ کرنے کی درخواست کر رہے تھے۔ بعض افراد نے انھیں مستقل کرنے کی درخواست پیش کی۔