برقی شرحوں میں اضافے سے فوری دستبرداری کا مطالبہ

ٹی آر ایس حکومت کے خلاف احتجاج کا انتباہ ، صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے اضافہ شدہ برقی شرحوں سے فوری دستبرداری اختیار کرنے کا ٹی آر ایس حکومت سے مطالبہ کیا ۔ بصورت دیگر احتجاجی مہم شروع کرنے کا انتباہ دیا ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس نے تلنگانہ عوام سے دھوکہ کیا ہے ۔ انتخابی مہم کے دوران برقی شرحوں میں اضافہ نہ کرنے اور مسلسل 9 گھنٹے برقی سربراہ کرنے کا عوام سے مطالبہ کیا ۔ عوامی اعتماد حاصل کرنے اور اسمبلی کا بجٹ سیشن ختم ہونے کے بعد اچانک برقی شرحوں میں اضافہ کرتے ہوئے غریب عوام پر 816 کروڑ کا مالی بوجھ عائد کردینے کا الزام عائد کیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں سے انحراف کررہی ہے ۔ اقتدار سونپنے والے عوام کو راحت پہونچانے کے بجائے ان پر معاشی بوجھ عائد کررہی ہے ۔ کانگریس پارٹی بالخصوص صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے ۔ تاہم بحیثیت سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے جھوٹے وعدے کرتے ہوئے اقتدار تو حاصل کرلیا تاہم بحیثیت چیف منسٹر ان وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں ۔ ریاست میں کانگریس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کررہی ہے ۔ اسمبلی میں عوامی مسائل پر کانگریس پارٹی نے حکومت کی توجہ مرکوز کرانے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ برقی شرحوں میں اضافہ کے خلاف وہ پارٹی کے سینئیر و جونیر تمام قائدین اور محاذی تنظیموں سے اس مسئلہ پر مشاورت کریں گے ۔ انہوں نے کہا حکومت اضافہ شدہ برقی شرحوں سے فوری دستبرداری اختیار کرے ۔ اگر حکومت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے سے گریز کرتی ہے تو کانگریس پارٹی حکومت کے خلاف تلنگانہ کے تمام 10 اضلاع میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مہم شروع کریگی ۔ احتجاج کے جو بھی نتائج برآمد ہوں گے حکومت اس کی راست ذمہ دار ہوگی ۔۔