چیف منسٹر ڈاؤن ڈاؤن کے نعرے ، اضافی شرحوں سے دستبرداری کا مطالبہ ، ایم این سرینواس و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں برقی شرحوں میں اضافہ کرنے تلنگانہ حکومت کے فیصلہ کے خلاف تلگو دیشم پارٹی گریٹر حیدرآباد کمیٹی کے زیر اہتمام آج سوماجی گوڑہ میں واقع ودیوت سودھا کے روبرو تلگو دیشم پارٹی قائدین و کارکنوں کی کثیر تعداد نے زبردست احتجاجی دھرنا پروگرام منظم کیا ۔ احتجاجی حکومت تلنگانہ کے خلاف زبردست نعرے لگا رہے تھے اور چیف منسٹر ڈاؤن ڈاؤن کے نعرے لگاتے ہوئے ہاتھوں میں پلے کارڈز تھامے ہوئے تھے ۔ احتجاجی تلگو دیشم پارٹی قائدین برقی شرحوں میں اضافہ سے دستبرداری اختیار کرنے کا مطالبہ کررہے تھے ۔ مسٹر ایم این سرینواس جنرل سکریٹری حیدرآباد گریٹر تلگو دیشم پارٹی و انچارج حلقہ اسمبلی مشیر آباد نے احتجاجی دھرنا پروگرام کی قیادت کی ۔ تلگو دیشم پارٹی کے زبردست احتجاج کے پیش نظر سیکوریٹی اسٹاف نے ودیوت سودھا کے گیٹس بند کر کے قفل ڈالدئیے تھے ۔ جس کی وجہ سے احتجاجی تلگو دیشم پارٹی قائدین و کارکن سڑک پر بیٹھ کر زبردست نعرہ بازی کرتے ہوئے احتجاج کررہے تھے اس احتجاجی دھرنا پروگرام کے باعث خیریت آباد تا پنجہ گٹہ جانے والی اس اہم شاہراہ پر ٹریفک میں کافی دیر تک خلل اندازی ہوئی ۔ احتجاجی تلگو دیشم پارٹی قائدین اور کارکنوں اور پولیس کے مابین کچھ دیر تک رسہ کشی جاری رہی ۔ لیکن پولیس نے کچھ دیر کے بعد احتجاجی تلگو دیشم پارٹی قائدین و کارکنوں کو حراست میں لیتے ہوئے احتجاجی قائدین کو مختلف پولیس اسٹیشنوں کو منتقل کیا ۔ تلگو دیشم قائدین نے صدر نشین و منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ ٹرانسکو کو ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے برقی شرحوں میں اضافہ کے اعلان سے دستبرداری اختیار کرنے کا پر زور مطالبہ کیا ۔ احتجاجی دھرنا پروگرام میں ایم این سرینواس کے علاوہ ایم سارنگا پانی ، علی مسقطی ، سینئیر قائد و انچارج حلقہ اسمبلی چارمینار ، مظفر علی خاں سینئیر قائد تلگو دیشم پارٹی و انچارج حلقہ اسمبلی ملک پیٹ ، وی رمیش سینئیر قائد کے وینکٹیش گوڑ تلنگانہ ریاستی تلگو دیشم پارٹی آرگنائزنگ سکریٹری و دیگر قائدین شامل تھے ۔ بعد ازاں ایم این سرینواس نے بات چیت کرتے ہوئے ٹی آر ایس زیر قیادت تلنگانہ حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے اقتدار پر آنے کے ساتھ ہی تلنگانہ کو دولت مند ریاست قرار دینے والے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو برقی شرحوں میں فی الفور اضافہ کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی ان وجوہات سے تلنگانہ عوام کو واضح کرنے کا چیف منسٹر سے مطالبہ کیا ۔ انہوں نے حکومت تلنگانہ سے مجوزہ اضافہ کیے جانے والے برقی شرحوں سے فی الفور دستبرداری اختیار کرنے کا پر زور مطالبہ کیا ۔ بصورت دیگر تلگو دیشم پارٹی برقی شرحوں میں اضافہ کے خلاف عوامی جدوجہد شروع کرنے کا سخت انتباہ دیا ۔۔