برقی کمپنیوں کیخلاف احتجاج کا انتباہ ، صارفین میں برہمی
حیدرآباد۔ 22 فروری (سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں برقی شرحوں میں اضافہ کرنے برقی کمپنیوں ’’ڈسکامس‘‘ کے فیصلہ کی صارفین کی جانب سے پرزور مخالفت کی جارہی ہے۔ برقی صارفین نے اے پی ایس پی ڈی سی ایل اور اے پی ای پی ڈی سی ایل کے تحت آنے والے صارفین نے مجوزہ برقی شرحوں میں اضافہ کے خلاف سخت اعتراض کیا ہے اور کہا کہ اگر موجودہ حالات میں برقی شرحوں میں اضافہ کرنے کی صورت میں حکومت اور برقی کمپنیوں کے خلاف سخت احتجاج منظم کرنے کا انتباہ دیا ہے۔ آندھرا پردیش کے برقی صارفین نے ان مجوزہ اضافوں کے خلاف آندھرا پردیش الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن سے نمائندگی کرکے سخت اعتراضات پیش کئے۔ آندھرا پردیش الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن کے ذرائع کے مطابق برقی شرحوں میں مجوزہ اضافوں کے خلاف اب تک اے پی ای آر سی کو 26 اعتراضات پر مشتمل یادداشتیں وصول ہوئی ہیں اور اے پی الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن اس مسئلہ پر سنجیدگی سے غور کرنے کے بعد ہی موثر اقدامات کا ارادہ رکھتی ہے۔