برقی شرحوں اور بس کرایوں میں اضافہ کے خلاف احتجاج

سنگاریڈی 26 ؍جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے برقی شرحوں اور آ ر ٹی سی بس کرایوں میں اضافہ کیخلاف آج کانگریس پارٹی کی جانب سے صدر کانگریس ضلع میدک سنیتا لکشما ریڈی کی صدارت میں سنگاریڈی جدید کلکٹریٹ آفس کے روبرو ایک زبر دست احتجاجی دھرنا و راستہ روکو پروگرام منظم کیا گیا جس میں سابق رکن اسمبلی ٹی جئے پرکاش ریڈی اور پارٹی قائدین و کارکنان نے شرکت کی ۔ اس موقع پر صدر کانگریس ضلع میدک سنیتا لکشما ریڈی نے برقی شرحوں اور آ رٹی سی بسوں کے کرایوں میں اضافہ کی شدید مذمت کر تے ہوئے کہا کہ ایک طرف چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو ریاست کا ما لیہ مستحکم ہو نے کی بات کر تے ہیں تو دوسری جانب برقی شرحوں اور آر ٹی سی بس کرایوں میں اضافہ کر کے عام آدمی پر زائد مالی بو جھ عائد ہورہا ہے جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔ریاست میں دو سال سے بارش نا ہو نے کی وجہ سے شدید خشک سالی کی وجہ سے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔انہو ںنے کہا کہ وزیر اعلی ایک طرف 24 گھنٹے مسلسل برقی سربراہی کرنے کا دعوی کر تے ہیں تو دوسری جانب برقی شرحوں میں اضافہ کرتے ہوئے عوام پر زائد بوجھ عائد کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے حکومت سے برقی شرحوں اور آر ٹی سی بس کرایوں میں اضافہ کے فیصلہ سے فوری دستبرداری اختیار کرنے کا مطا لبہ کیا ۔