ڈیٹرائیٹ (یو ایس) ۔ 4 اگست (محمد مبشرالدین خرم) امریکی ریاست مشی گن کے شہر ڈیٹرائیٹ میں برقی سربراہی میں خلل نے شہری انتظامیہ و ریاست کا دورہ کررہے عوام کے علاوہ فلک بوس عمارتوں میں ملازمت کرنے والوں کو چند گھنٹوں کے لئے پریشان کردیا۔ ہندوستانی معیاری وقت کے مطابق رات تقریباً 2 بجے اس علاقہ میں برقی کی سربراہی منقطع ہوگئی جہاں جنرل موٹرٹاور کی فلک بوس عمارت کے علاوہ پانچ ستارہ ہوٹل میریٹ کی عمارتیں واقع ہیں۔ ڈیٹرائیٹ ندی سے متصل اس علاقہ کوڈاؤن ٹاؤن کہا جاتا ہے جہاں امریکی وقت کے مطابق سہ پہر 3.30 بجے برقی سربراہی منقطع ہوئی جوکہ زائد از 2 گھنٹے بعد بحال کی جاسکی۔ برقی سربراہی منقطع ہوتے ہی سڑکوں پر پولیس، فائر بریگیڈ کی گاڑیاں دوڑنے لگیں اور اونچی عمارتوں میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے انتظامات کئے جانے لگے تھے۔ لوگوں میں جو لفٹ اور اپنے کمروں میں پھنس گئے تھے، خوف و سراسیمگی دیکھی گئی لیکن ہوٹل کے عملہ کی جانب سے انہیں اطمینان دلایا گیا۔ ڈیٹرائیٹ اینائسینس سنٹر کی عمارت کو خالی کروا دیا گیا۔ اس مصروف تجارتی مال میں تجارتی سرگرمیاں بالکلیہ طور پر مفلوج ہوگئیں۔
عمارت کے اطراف ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے ہیلی کاپٹر کو گشت کرتا دیکھا گیا۔ مختلف امریکی ٹیلی ویژن چینلس کے صحافیوں کو عمارت کے باہر جاری ہنگامی حالات کی رپورٹنگ کرتے دیکھا گیا۔ بتایا جاتا ہیکہ اس علاقہ میں برقی سربراہی زائد از4 سال بعد منقطع ہوئی ہے اور عوام کو امریکہ میں برقی سربراہی میں خلل کا کوئی تجربہ نہیں ہے۔ شہری انتظامیہ کے عہدیداروں کے بموجب کیبل اور سب اسٹیشن میں پیدا ہوئی خرابی کے باعث یہ خلل پیدا ہوا جسے اندرون 2 گھنٹے دور کردیا گیا۔ امریکہ و کینیڈا کی سرحد کو جوڑنے والے اس علاقہ میں برقی سربراہی مسدود ہونے کے سبب ایسا محسوس ہورہا تھا کہ جیسے سب کچھ مفلوج ہوچکا ہے۔ علاقہ کی کچھ ہوٹلوں میں موجود جنریٹرس کے ذریعہ فلک بوس عمارتوں میں ایک لفٹ کو کارکرد رکھا گیا، جس کے ذریعہ مہمانوں کی آمدورفت کو برقرار رکھنے کی کوشش کی گئی۔ برقی سربراہی منقطع ہوتے ہی وائی فائی کے علاوہ نقد لین دین کا عمل بھی پوری طرح سے مفلوج ہوگیا تھا جس کے سبب دکانداروں کو خریداروں سے معذرت خواہی کرتے دیکھا گیا۔