برقی خلل اندازی کی وجہ سے پانی کی سربراہی متاثر

حیدرآباد۔/30مارچ، ( آئی این این ) برقی سربراہی میں خلل کے باعث حیدرآباد کے بعض علاقوں میں پینے کے پانی کی سربراہی متاثر ہوئی ہے۔ منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے متعلقہ عہدیداران کے ہمراہ پانی کی سربراہی کے موقف کا جائزہ لیا۔ انہیں بتایا گیا کہ سدی پیٹ کے قریب ملارم میں واقع واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پر برقی سربراہی میں خلل کی وجہ سے رکاوٹ پیدا ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ 3 پمپس کی بجائے صرف دو پمپس 3تا 5 بجے دو گھنٹے چلائے گئے جس کی وجہ سے شہر کو تقریباً  10MG پانی سربراہ نہیں ہوسکا اور چندا نگر، ھدیٰ کالونی وغیرہ علاقوں میں پانی کی سربراہی متاثر رہی۔ یہی نہیں بلکہ سیری لنگم پلی، کوکٹ پلی اور بنجارہ ہلز میں بھی کم پریشر سے پانی سربراہ کیا گیا۔ منیجنگ ڈائرکٹر نے محکمہ برقی کے عہدیداروں سے خواہش کی کہ وہ پمپنگ اسٹیشنس کیلئے گرما میں برقی کی کسی خلل اندازی کے بغیر سربراہی کو یقینی بنائیں ۔
کیونکہ ایک منٹ کیلئے بھی اگر برقی سربراہی مسدود ہوجائے تو پمپس کو معمول پر آنے اور پانی سربراہ کرنے کیلئے تقریباً دو گھنٹے درکار ہوتے ہیں۔