برقی بچت کیلئے سرکاری دفاتر میں پری پیڈ برقی میٹرس

حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ کی حکومت نے برقی کا استعمال کم سے کم کرنے اور اسراف  روکنے کے مقصد سے سرکاری دفاتر میں پری پیڈ برقی میٹرس رائج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ موبائیل فون ری چارج کارڈس کی طرح یہ میٹرس عہدیداروں کے بتائے ہوئے اندازہ کے مطابق پری پیڈ برقی میٹرس لگائے جائیں گے ۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ عہدیدار مقررہ حد سے زیادہ برقی کا صرفہ نہ کریں۔ پری پیڈ انرجی میٹر موبائیل سم کارڈ کی طرح ہوں گے ۔ عہدیداروں کو ہر ماہ برقی ووچر ری چارج کرنا ہوگا ۔ اگر کوئی آفس اپنا ووچر ری چارج نہ کرے تو محکمہ برقی سے مربوط موبائیل نمبر پر ایس ایم ایس روانہ کیا جائے گا اور برقی کنکشن خود بخود ختم ہوجائے گا ۔ تیس دن کی مقررہ حد سے زیادہ برقی استعمال کرنے کی صورت میں اسٹاف کو ذ مہ دار قرار دیا جائے گا ۔ ان سے زائد برقی بل وصول کی جائے گی۔ اپنی جیب سے زائد چارجس کی ادائیگی کے خوف سے عہدیدار برقی بچت پر توجہ دیں گے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے برقی حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ پری پیڈ برقی میٹرس کی تنصیب پر توجہ کریں۔ عہدیدار درکار انتظامات کر رہے ہیں۔ سکریٹری توانائی نے تمام ضلعی محکمہ جات کو ہدایت دی ہے کہ اپریل کے پہلے ہفتہ میں پری پیڈ برقی میٹرس نصب کریں۔