برقی بچت سے موثر سربراہی اور مصارف میں کمی ممکن

حیدرآباد۔ 16 جنوری ￿(سیاست نیوز) برقی ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے برقی بچت کیلئے ابھی سے ریاستی حکومت موثر اقدامات کررہی ہے۔ آج یہاں سکریٹریٹ میں برقی استعمال و بچت کے علاوہ آئندہ کی حکمت عملی کیلئے منعقدہ جائزہ اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیف سکریٹری ڈاکٹر پی کے موہنتی نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ برقی کا زائد استعمال کرنے والے چار سرکاری محکمہ جات میں سالانہ 15,105 ملین یونٹس کی بچت کی جاسکتی ہے ۔ اس ضمن میں انہوں نے حالیہ سروے رپورٹ کا حوالہ دیا اور کہا کہ اگر ایسا کیا جائے تو 9,543 کروڑ روپئے سرکاری مصارف میں کمی ہوسکے گی۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر موہنتی کی صدارت میں ’’اسٹیٹ انرجی کنزرویشن مشن‘‘ کی جانب سے اجلاس کا انعقاد عمل میں آیاجس میں اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ توانائی، مختلف محکمہ جات کے پرنسپال سکریٹریز کمشنرس، انڈسٹریز میونسپل ، اڈمنسٹریشن عمارات و شوارع پنچایت راج، رورل واٹر سپلائی، اے پی ٹرانسکو، سی پی ڈی سی ایل اور دیگر محکمہ جات کے عہدیدار شریک تھے۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ ملک بھر میں برقی کی جو مانگ ہے اس میں 15% برقی بچت کی گنجائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیاری برقی اشیاء، برقی کی تقسیم میں کمی و اضافہ کا تدارک اور مناسب نگہداشت کے ذریعہ برقی بچت کی جاسکتی ہے۔ گھریلو اغراض کیلئے برقی استعمال میں بچت کیلئے 15 اگست سے ریاست بھر میں انرجی کنزرویشن بلڈنگ کوڈ (ای سی بی سی) پر عمل آوری ہوگی۔ چیف سکریٹری نے مزید کہا کہ نئی عمارتوں کی تعمیرات کیلئے انرجی کنزرویشن بلڈنگ کوڈ (ای سی بی سی) سرٹیفکیٹ پیش کرنے پر ہی تعمیری اجازت دی جائے گی۔ علاوہ ازیں پینے کے پانی کی سربراہی اسکیمات کیلئے استعمال کئے جانے والے پرانے برقی موٹرس کے بجائے نئے پمپ سیٹس کی تنصیب عمل میں لانے رورل واٹر سپلائی محکمہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایات دی گئی ہیں۔ برقی بچت کے تعلق سے تدریسی اسباق بھی مرتب کئے جارہے ہیں بالخصوص انجینئرنگ طلبہ کو برقی بچت کے اسباق پڑھانے کیلئے ضروری قرار دیتے ہوئے احکامات جاری کرنے کی ریاستی محکمہ فنی تعلیم کے عہدیداروں کو ہدایات دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیات کے تحت اسٹریٹ لائیٹس کا بہتر و مناسب استعمال کیا جائے تو 50% برقی بچت کی جاسکتی ہے۔

چیف سکریٹری نے کہا کہ برقی بچت پر حکومت اولین ترجیح دے گی اور برقی بچت کیلئے ہر محکمہ میں ایک خصوصی سیل قائم کرتے ہوئے عہدیداروں و ملازمین کو تربیت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ زرعی پمپ سیٹس کی ریپیرنگ کرنے والے الیکٹریشن و میکانکس کو وائنڈنگ مشین فراہم کرکے انہیں مناسب تربیت دی جائے گی ۔ ڈاکٹر پی کے موہنتی نے کہا کہ اگر ہم 15% برقی بچت کرنے کا تہیہ کرکے عملی اقدامات شروع کریں توکم از کم 10% برقی بچت یقینی ہوگی اور یہ ہماری اہم کامیابی تصور کی جاسکتی ہے۔ چیف سکریٹری نے مزید کہا کہ برقی بچت کے تعلق سے حکومت برطانیہ سے فنی تعاون حاصل کیا جارہا ہے اور بہت جلد اس حکومت سے یادداشت مفاہمت کو قطعیت دے دی جائے گی ۔