پٹنہ۔یکم جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار اسمبلی میں آج پُرشور مناظر دیکھے گئے جبکہ اپوزیشن بی جے پی کی برقی صورتحال کے ابتر ہوجانے پر تحریک التواء خارج کردی گئی اور اس موضوع پر خصوصی مباحث کی اجازت دینے سے انکار کیا گیا۔ بی جے پی کے ارکان ایوان کے وسط میں جمع ہوگئے اور مخالف حکومت نعرہ بازی کرنے لگے جبکہ اسپیکر اودئے نارائن چودھری نے ونود نارائن جھا کی ناقص برقی سربراہی کے خلاف تحریک التواء خارج کردی۔ اسپیکر نے کہا کہ چونکہ ضمنی بجٹ پر مباحث کے دوران یہ مسئلہ پہلے ہی اٹھایا جاچکا ہے اس لئے برقی بحران پر خصوصی مباحث کی ضرورت نہیں ہے لیکن اس دلیل سے غیر مطمئن بی جے پی ارکان ایوان کے وسط میں جمع ہوگئے اور حکومت کے خلاف نعرہ بازی کرنے لگے۔ اجلاس برقی بحران کے مسئلہ پر بحران کا شکار ہوگیا۔چیف منسٹر جتن کمار مانجھی جنہوں نے وزارت برقی کا قلمدان بھی سنبھال رکھا ہے، ایوان میں موجود تھے۔ ایوان میں شورو غل جاری رہنے پر اجلاس دو پہر 2بجے تک ملتوی کردیا گیا۔