برقی بحران : وابھول پلانٹ سے قدرتی گیس کی منتقلی کا فیصلہ

نئی دہلی ۔ 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیر پیوش گوئل نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت آج رات 8 بجے تک 400 میگاواٹ زائد توانائی پیدا کرنے کیلئے دستیاب ایندھن فراہم کرے گی۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت دہلی نے 400 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے لئے این ٹی پی سی سے گیس طلب کی تھی جس کے لئے آج رات 8 بجے تک کی مہلت دی گئی تھی تاکہ بجلی کی زائد پیداوار کو یقینی بنایا جاسکے۔ یہ گیس بوانا پراجکٹ کے لئے ہے جس میں 1500 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی اہلیت ہے۔ لیکن صرف 290 میگاواٹ بجلی ہی پیدا کی جارہی ہے۔ مسٹر گوئل نے کہا کہ توانائی کی کوئی قلت نہیں ہے صرف ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن نے مسائل پیدا کئے ہیں۔ انہوں نیکہا کہ دہلی حکومت کی جانب سے توانائی کی صورتحال پر روزانہ کی اساس پر ایک خصوصی بلیٹن بھی جاری کیا جائے گا۔ دوسری طرف حکومت دہلی وابھول پاور پلانٹ (مہاراشٹرا) سے قدرتی گیس کو دہلی کے جنریشن اسٹیشن منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ 218 میگاواٹ زائد بجلی پیدا کی جاسکے۔