سنگارینی کالریز سے اے پی تھرمل پراجکٹس کو کوئلہ کی محدود سربراہی
حیدرآباد ؍ کڑپہ ۔ 23 جون ۔ (سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش میں دو تھرمل پاور اسٹیشن رائلسیما تھرمل پاور پراجکٹ (کڑپہ) اور نارلہ تاتا راؤ تھرمل پراجکٹ (وجئے واڑہ ) کوئلہ کی سنگین قلت کاشکار ہیں۔ آندھراپردیش اور تلنگانہ ریاستیں پہلے ہی برقی قلت کا سامنا کررہی ہیں اور تازہ صورتحال سے بحران مزید سنگین ہوگیا ہے ۔ عہدیداروں کے مطابق ان برقی پراجکٹس کو سنگارینی کالریز سے کوئلہ وصول نہیں ہورہا ہے جس کی وجہ سے رائلسیما پراجکٹ میں دو یونٹس بند کردینا پڑا اور وجئے واڑہ پراجکٹ میں برقی پیداوار کم ہوگئی ہے ۔ اس صورتحال کے سبب شہری علاقوں میں 5 تا 6 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 9 گھنٹوں سے زائد برقی مسدود کی جارہی ہے ۔ آندھراپردیش اور تلنگانہ کے صنعتی علاقوں میں بھی اتوار کی صبح سے برقی شٹ ڈاؤن معمول بن چکا ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ سنگارینی کالریز سے ماہانہ 3.3 لاکھ ٹن کوئلہ سربراہ کیا جاتا ہے لیکن اب صرف 2.2 لاکھ ٹن کوئلہ ہی سربراہ کیا جارہا ہے جس سے طلب اور سربراہی میں فرق پیدا ہوگیا ہے ۔ عہدیداروں کے مطابق اس فرق کو پورا کرنے کیلئے کوئی متبادل انتظامات نہیں کئے گئے اس کی وجہ سے برقی بحران مزید سنگین ہونے کا اندیشہ ہے ۔