برقعہ کا لیٹر باکس سے تقابل پر برطانیہ میں تنقید

سابق وزیرخارجہ، قدامت پسند پارٹی کے رکن پارلیمنٹ بورس جانسن کی یواگوئی
لندن ۔ 6 اگست (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کے سابق وزیرخارجہ بورس جانسن آج سخت تنقید کا نشانہ بن گئے جبکہ انہوں نے برقعہ کو ’’جبری‘‘ قرار دیا اور اس کا تقابل ’’لیٹرباکس‘‘ سے کیا۔ اپنے روزنامہ ڈیلی ٹیلیگراف کے اپنے باقاعدہ کالم میں جو اتوار کے دن شائع ہوتا ہے، قدامت پسند پارٹی کے رکن پارلیمنٹ نے برقعہ پر مکمل پابندی کی مہم کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ڈنمارک میں حال ہی میں اس قسم کا برقعہ عوامی مقامات پر پہننے پر امتناع عائد کردیا گیا ہے اور اسے قابل تعزیر جرم قرار دیا گیا ہے جس کے ارتکاب پر جرمانہ عائد کیا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ برقعہ مسلم خواتین پر ایک جبر کے مترادف ہے اور اگر آپ کا بھی یہی خیال ہے تو میں اس کی تائید کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی اداروں اور سرکاری دفاتر میں برقعہ پر امتناع عائد کیا جانا چاہئے تاکہ عام مقامات پر پورا چہرہ دیکھا جاسکے۔ سابق کابینی وزیر نے وزیرخارجہ کے عہدہ سے گذشتہ ماہ استعفیٰ دے دیا تھا کیونکہ بریکسٹ کے مسئلہ پر حکومت سے ان کا تصادم ہوگیا تھا۔