برقعہ پوش ووٹروں کیلئے ویمن پولیس کو تعینات کرنے بی جے پی کی اپیل

لکھنو ، 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج الیکشن کمیشن سے اپیل کی کہ اترپردیش اسمبلی چناؤ کے آخری دو مرحلوں میں ’’حساس‘‘ پولنگ بوتھس پر ویمن پولیس اور پیراملٹری فورسز کی تعیناتی کو یقینی بنائیں تاکہ برقعہ پوش خاتون ووٹروں کی مناسب جانچ ہوسکے۔ چیف الیکشن کمشنر کو نمائندگی میں پارٹی نے کہا کہ بی جے پی کا مطالبہ ہے کہ یو پی چناؤ کے چھٹے اور ساتویں مرحلے میں برقعہ پوش خاتون ووٹروں کی شناخت معلوم کرنے کیلئے ویمن پولیس اور مرکزی نیم فوجی دستوں کو حساس اور نہایت حساس پولنگ مراکز پر تعینات رکھا جائے۔ بڑی تعداد میں برقعہ پوش خواتین اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کرتے ہیں اور بوگس ووٹنگ کا امکان ہے۔
کشمیر میں سرکاری یتیم خانوں کی جگہ بورڈنگ اسکول
سرینگر ، 2 مارچ (سیاست ڈاکٹ کام) جموں وکشمیر حکومت نے یتیم بچوں کو احساسِ یتیمی سے باہر نکالنے کے لئے ریاست میں حکومت کی جانب سے چلائے جانے والے تمام یتیم خانے بند کرکے دو بڑے بورڈنگ اسکول قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ریاست میں حکومت کی جانب سے چلائے جانے والے یتیم خانوں کی تعداد 31 ہے جن میں سے 17 کشمیر جبکہ 14 جموں میں قائم ہیں۔ ان یتیم خانوں میں قریب ایک ہزار بچے پرورش پارہے ہیں۔ تاہم کشمیر میں غیرسرکاری تنظیموں اور بعض مذہبی جماعتوں کی جانب سے چلائے جانے والے یتیم خانوں کی تعداد درجنوں میں ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ریاستی سماجی بہبود محکمہ کے وزیر سجاد غنی لون نے 23 جنوری کو ریاستی اسمبلی کے ایوان با لا میں کہا تھا کہ یتیم بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے سرکار بوڈنگ اسکولوں کو قائم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔