برقعہ پر پابندی شہری آزادی کے منافی:پروفیسر اختر الواسع

نئی دہلی۔3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ماہر اسلامیات اور جامعہ ملیہ اسلامیہ میں شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے پروفیسر ایمریٹس پروفیسر اختر الواسع نے کہا ہے کہ برقعہ پر پابندی عائد کرنے کی کوئی بھی کوشش ہندوستانی آئین میں دی گئی شہری آزادی کی ضمانت کے منافی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ کام حکومتوں،سیاسی جماعتوں یا تنظیموں کا نہیں ہے کہ وہ خواتین کو یہ ہدایت دیں یا ان پر دباؤ بنائیں کہ وہ برقعہ کا استعمال کریں یا نہ کریں۔ ہمارا ملک ایک ثقافتی اور تہذیبی تنوع کا ملک ہے اور اس سے بھی زیادہ یہ کہ یہ ہر انسان کو آزادی اور خود مختاری عطا کرتا ہے ۔ اس لیے یہ حکم جاری کرنا یا مشورہ دینا بالکل درست نہیں ہے کہ ہماری غذا اور لباس کے سلسلے میں کیا ترجیحات ہونی چاہئیں۔”خیال رہے کہ سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر ہوئے خود کش دھماکہ کے بعد وہاں کی حکومت نے خواتین کے چہرہ ڈھکنے پر پابندی عائد کردی ہے جس کے بعد ہندوستا ن میں بھی کچھ جماعتوں کی جانب سے ایسے ہی اقدام کا حکومت سے مطالبہ کیا جارہا ہے ۔