برطانیہ کے کم عمر ترین خودکش حملہ آور کی موت

لندن ۔ 15 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک 17 سالہ لڑکے کے آبائی مستقر کے کمیونٹی قائدین نے بچے کے خودکش حملہ کے ذریعہ ہلاک ہوجانے کے واقعہ پر شدید رنج و غم اور حیرت و استعجاب کا اظہار کیا ہے۔ 17 سالہ لڑکا خطرناک دولت اسلامیہ کیلئے لڑتے ہوئے سب سے کم عمر خودکش حملہ آور بن گیا ہے۔ کمیونٹی قائدین نے اس سلسلہ میں دولت اسلامیہ کے شورش پسندوں کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ بالکل نوجوان اور خوبصورت لڑکوں کو راغب کرتے ہوئے انہیں دیگر ’’منفی مقاصد‘‘ کیلئے بھی استعمال کرتے ہیں ورنہ کیا وجہ ہیکہ نوجوان اور خوبصورت لڑکوں کی اتنی شاندار دیکھ بھال اور نشوونما کی جارہی ہے۔ طلحہ اسمعیل کا تعلق ویسٹ پارک شائر سے تھا اور وہ ان چار خودکش حملہ آوروں میں سے ایک تھا جس نے ایک ایسی گاڑی کو جو دھاکو مادہ سے لدی ہوئی تھی، ڈیٹونیٹ کردیا تھا اور یہ واقعہ ہفتہ کے روز بغداد کی تیل ریفائنری کے قریب پیش آیا تھا۔ طلحہ کو شورش پسند گروپ نے آن لائن تیار کیا تھا۔