لندن۔2اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) اسامہ بن لادن کے تین ارکان خاندان بشمول القاعدہ کے مقتول سربراہ کی سوتیلی والدہ اور سوتیلی بہن کے ہلاک ہوجانے کی اطلاعات پر گہرے راز کے پردے پڑے ہوئے ہیں ۔ کیونکہ طیارہ حادثہ کے بارے میں کئی سوالات کئے جارہے ہیں ۔ اس کے باوجود کہ موسم حسب معمول تھا اور رن وے کی حالت بھی اچھی تھی ۔ پینام ۔ 300 جٹ طیارہ اٹلی سے برطانیہ پہنچا تھا جو بلیک بُش ایئرپورٹ ہیمپ شائر پر لینڈنگ کی کوشش کے دوران حادثہ کا شکار ہوگیا ۔ یہ طیارہ فلائی بائی وائر برقی نظام سے آراستہ تھا جسے سمجھا جاتا ہے کہ آسانی سے کنٹرول کیا جاسکتا ہے ۔ 70لاکھ پاؤنڈ وزنی طیارہ ایئرپورٹ آنے والا باقاعدہ طیارہ تھا ۔ روزنامہ ’’ گارجین ‘‘ کی اطلاع کے بموجب بلیک بُش ایئرپورٹ استعمال کرنے والے پائیلٹس اس طیارہ کو اڑا رہے تھے ۔ طیارہ سعودی عرب میں رجسٹرڈ تھا اور یہ لینڈنگ کے وقت شعلہ پوش ہوگیا ‘ جس کی وجہ سے اس میں سوار چار افراد ہلاک ہوگئے جن میں مبینہ طور پر اسامہ بن لادن کی سوتیلی والدہ راجا ہاشم اور سوتیلی بہن ثناء شامل تھیں ۔ بن لادن خاندان سعودی عرب کا ایک نامور خاندان ہے جس کا کاروبار کافی وسیع ہے ۔ ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے بموجب ثناء کے شوہر زوہیر ہاشم اور ایک اردنی پائیلٹ بھی مہلوکین میں شامل ہیں ۔ یہ خاندان برطانیہ میں چھٹیاں منانے آیا تھا ۔ اس حادثہ کی وجوہات کے بارے میں کئی سوالات کئے جارہے ہیں ‘ کیونکہ جس رن وے پر طیارہ اترا تھا وہ جدید ترین ہے ۔ اس میں ہائی ٹیک حفاظتی خصوصیات موجود ہیں اور حالیہ مہینوں میں اسے مسلسل استعمال کیا جاتا رہا ہے ۔ ملنگ ۔ مالپنسکا ایئرپورٹ سے پرواز کرنے والا عصری طیارہ رن وے پر اترنے کے بعد ایک باڑ سے ٹکرایا اور اس کے بعد کئی کاروں پر چڑھ گیا جو متصلہ نیلام کے مقام پر رکھی ہوئی تھیں ۔