برطانیہ کے اخراج کے بعد یوروپی یونین شہریوں کو رہائشی حقوق حاصل نہیں رہیں گے : تھریسامے

لندن ۔ یکم ؍ فروری (سیاست ڈاٹ کام) برطانی وزیراعظم تھریسامے نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ یوروپی یونین سے برطانیہ کے اخراج کے بعد یوروپی یونین ممالک سے آنے والے شہریوں کو برطانیہ میں وہ حقوق حاصل نہیں رہیں گے جو قبل ازیں تھے۔ اپنے دورہ چین کے دوران اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مارچ 2019ء میں برطانیہ کے یوروپی یونین کے اخراج کے بعد وہ ان مطالبات کے خلاف سخت موقف اختیار کریں گی جہاں برطانیہ آنے والے یوروپی یونین ممالک کے شہریوں کو ماقبل اخراج جیسی رہائشی حقوق تفویض کئے جائیں۔ انہوں نے ایک بار پھر وضاحت کردی کہ برطانیہ آنے والے یوروپی یونین ممالک کے شہریوں کو یہ بات پوری طرح معلوم ہوگی کہ برطانیہ اب یوروپی یونین کا رکن نہیں رہا لہٰذا انہیں خود ایسے مطالبات کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔ یہ تو وہی بات ہوئی کہ طلاق کے بعد بھی شوہر یہ چاہے کہ اس کی سابقہ بیوی اس کے تمام حقوق ادا کرے یا بیوی یہ چاہے کہ اس کا سابقہ شوہر اس کے تمام حقوق بدستور ادا کرتا رہے۔