برطانیہ کی مودی حکومت کیساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش

نئی دہلی 8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ برطانیہ ولیم ہیگ اور وزیر فینانس جارج اوزبون نے آج وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور نئی حکومت کے ساتھ کام کرنے برطانیہ کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ ہند ۔ برطانیہ روابط کو کلیدی شعبوں بشمول دفاع اور تجارت میں وسعت دی جاسکے۔ دونوں وزراء نے یہ بات نوٹ کی کہ نریندر مودی کے انتخاب سے برطانیہ میں ہندوستان کی ہمہ گیر ترقی کے لئے ایک نئی توقع پیدا ہوئی ہے۔ اُنھوں نے وزیراعظم برطانیہ ڈیوڈ کیمرون کی جانب سے تہنیت پیش کی اور برطانیہ کے دورے کی دعوت دی۔ ولیم ہیگ کی وزیر خارجہ سشما سوراج سے بھی ملاقات ہوئی جس میں ہندوستان اور برطانیہ نے آج سیول نیوکلیر تعاون کے لئے جلد مذاکرات شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔