برطانیہ کی حقوق انسانی کی خلاف ورزی کرنے والے

ممالک سے ہتھیاروں کی فروخت دوگنی
لندن ،19جولائی(سیاست ڈا ٹ کام) برطانیہ نے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والے ممالک کو اسلحے کی فروخت تقریباً دوگنی کر دی ہے۔ اسلحے کی تجارت کیخلاف کام کرنے والے گروپ کے مطابق برطانوی حکومت نے 2017میں 1.5 ارب پونڈ مالیت کے اسلحہ معاہدوں کیلئے لائسنس منظور کئے جبکہ 2016 میں ان کی مالیت 820 ملین پونڈ تھی۔ برطانوی میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہیکہ برطانوی اسلحہ فروخت کے نظام کی نگرانی نہ ہونے کے برابر ہے اور اس حوالے سے کوئی ضوابط موجود نہیں کہ ہتھیار خریدنے والے ممالک انہیں بعد میں کیسے اور کس مقصد کیلئے استعمال کرتے ہیں۔انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والے ممالک کی برطانوی فہرست میں سے 18 کیلئے اسلحہ فروخت کی منظوری دی گئی جن میں سعوی عرب، اسرائیل، بحرین، مصر اور چین شامل ہیں۔اسلحہ مخالف گروپ کا کہنا ہے کہ تھریسامے کی حکومت ایسے کئی ممالک کو کھل کر ہتھیار فراہم کر رہی ہے جہاں انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں اور جو اسلحہ آج فروخت کیا جا رہا ہے وہ برسوں تک تشدد کا باعث بنتا رہے گا۔