لندن۔ 29 جون (سیاست ڈاٹ کام)برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کا کہنا ہے کہ یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد بھی برطانیہ کو ’یورپی یونین سے منہ نہیں موڑنا چاہیے‘۔برطانیہ کے یورپی یونین سے الگ ہو جانے کے فیصلے کے بعد یورپی اتحاد میں شامل رہنما بروسلز میں دوسرے دن بھی ملاقات کر رہے ہیں تاہم اس اجلاس میں برطانیہ شامل نہیں ہو گا۔یوروپی اتحاد کی 40 سالہ تاریخ میں ایسا پہلی بار ہو گا جب برطانیہ اس اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا۔برطانوی وزیراعظم کیمرون یوروپی اتحاد میں شامل 27 دیگر ارکان برطانیہ کے یوروپی یونین سے الگ ہو جانے کے فیصلے کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔برطانیہ کے یورپی اتحاد سے علیحدگی کے فیصلے کے بعد کیمرون نے یوروپی یونین کے رہنماؤں سے بروسلز میں ہونے والی ملاقات کے بعد کہا کہ یورپی اتحاد کے ساتھ مستقبل میں تجارت اور سکیورٹی جیسے معاملات اہم رہیں گے۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ برطانوی ووٹروں کے لیے امیگریشن کا مسئلہ ’بہت تشویش‘ کا باعث تھا اور برطانیہ کی یورپی یونین کی سنگل مارکیٹ تک رسائی بھی ’بہت بڑا چیلنج‘ ہو گی۔دوسری جانب جرمن چانسلر چانسلر انجیلا میرکل نے کہا ہے کہ یورپی اتحاد برطانیہ کے یورپی یونین سے الگ ہونے کے فیصلے کا ’ہر صورت احترام کرے۔تاہم انجیلا میرکل اور یوروپی اتحاد کے دیگر رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ برطانیہ جتنا جلد ممکن ہو یوروپی یونین چھوڑنے کے اپنے منصوبوں پر عمل کرے۔یوروپی اتحاد کے رہنما اس بات پر مصر ہیں کہ برطانیہ سے اس وقت تک غیر رسمی بات چیت نہیں کی جائے گی جب تک وہ باقاعدہ آرٹیکل 50 کو نافذ نہیں کرتا۔ط