لندن ۔ 15 جون (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی حکومت یورپی یونین سے باہر کے ممالک سے تعلق رکھنے والے طبی عملے کو ملک میں کام کرنے کی اجازت دینے کے لیے امیگریشن قوانین میں نرمی کرے گی۔امید کی جا رہی ہے کہ برطانوی ہوم آفس جمعے کو غیر ملکی ڈاکٹروں اور نرسوں کو حکومتی ویزا کیپ کی فہرست سے نکالنے کی تصدیق کرے گا۔خیال رہے کہ برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے نے حکومتی ’ویزا کیپ‘ اس وقت متعارف کروائی جب وہ برطانیہ کی ہوم سیکریٹری تھیں۔ حکومتی ویزا کیپ کے تحت ایک سال کے دوران 20,700 غیر ہند مند یورپی یونین ملازمین کی حد مقرر ہے۔لیکن برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس کے حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ قوانین کافی تعداد میں کارکنوں کی بھرتی کے عمل کو مشکل بناتے ہیں۔مجوزہ تبدیلیاں ٹیئر ٹو ویزوں سے متعلق ہیں جو یورپی اقتصادی علاقے اور سوئٹزرلینڈ سے باہر کے ہنرمند افراد استعمال کرتے ہیں۔