لندن۔ 18 اگست (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کے تمام علاقوں سے ایک اندازے کے مطابق 70 ہزار افراد نے بھکتی ویدانتا ہرے کرشنا مندر واٹ فورڈ پہنچ کر یورپ کا سب سے بڑا اور قابل دید جنم اشٹمی تہوار منایا۔ بھکتی ویدانتا مندر کے خوبصورت اور پرامن سبزہ زار، ایک شاندار تہوار کے مقام میں تبدیل ہوگئے تھے۔ موسیقی، رقص، ڈراموں، چہروں کو رنگنے کے مظاہرے کئے گئے۔ علاوہ ازیں کتابیں، نامیاتی مصنوعات، زیورات اور موسیقی کے ساز اور سی ڈیز فروخت کی جارہی تھیں۔ 16 سے 94 سال کی عمر کے رضاکار انتظامات میں مصروف تھے۔ اس تہوار کی تیاریاں ایک ماہ سے زیادہ عرصہ سے جاری تھیں۔ مندر کے صدر نے کہا کہ جنم اشٹمی بلاشک و شبہ انتہائی اہم دن ہے کیونکہ اس دن لارڈ کرشنا پیدا ہوئے تھے۔