برمنگھم ۔ یکم فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سجادہ نشین دربار عیدگاہ شریف پیر نقیب الرحمن نے کہاکہ یورپ کی سرزمین پر میلاد مصطفی ﷺ منانے سے اسلام کی اصل روح اور تصور پیش ہورہا ہے۔ برطانیہ میں قائم دینی مدارس کا کردار فروغ اسلام اور اُمت مسلمہ کی فلاح و بہبود کیلئے قابل ستائش ہے۔ قادریہ ٹرسٹ کے علمی منصوبوں کی آبیاری سے ہی اپنی آنے والی نسلوں کو تباہی و بربادی سے بچایا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنھوں نے معروف علمی و مذہبی ادارے قادریہ ٹرسٹ میں منعقدہ میلاد مصطفی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کی صدارت مفتی اعظم برطانیہ مفتی گل رحمن نے کی
جبکہ کانفرنس سے چیرمین قادریہ ٹرسٹ پیر محمد طیب الرحمن قادری، چیرمین پی سی ڈی این راجہ اشتیاق خان، صاحبزادہ احسان حسیب الرحمن، غلام رسول بخش سعیدی، حافظ سعید، صاحبزادہ فریق چشتی، حاجی محمد رمضان، قاری محمد سلطان، محمد خلیل الرحمن، خواجہ ارشاد رضوی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ پیر نقیب الرحمن نے کہاکہ اُمت مسلمہ کیترقی و خوشحالی اور فروغ اسلام کیلئے علماء و مشائخ کو زندگی کے دیگر شعبوں سے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اسلام مخالف سازشوں کا قلع قمع ممکن ہوسکے۔ اس موقع پر چیرمین قادریہ ٹرسٹ پیر محمد طیب الرحمن نے پیر نقیب الرحمن کو قادریہ ٹرسٹ کی خدمات، مختلف شعبہ جات اور منصوبوں کے بارے میں واقف کروایا۔