لندن۔ 25 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ میں دہشت گردی کا بڑا خطرہ ہے جس کے باعث ملک میں الرٹ جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر داخلہ تھری سامے نے میڈیا کو بتایا کہ برطانیہ میں دہشت گردی کا بڑا خطرہ ہے جس کے باعث ملک میں الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ داعش کا حصہ بننے والے افراد برطانیہ کیلئے بڑا خطرہ ہیں۔2007 سے اب تک 40 دہشت گردی کے حملوں کو ناکام بنایا گیا ہے۔ دہشت گرد ممبئی طرز کے حملے کرنا چاہتے تھے اور اس کے علاوہ لندن سٹاک ایسجینج کو بھی دھماکوں سے اڑانے کا منصوبہ ناکام بنایا گیا ہے۔ برطانوی وزیر داخلہ نے بتایا کہ دہشت گردوں کے خلاف سخت قوانین بنائے گئے ہیں جس کے تحت مشکوک افراد کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نئے قانون کے مطابق انٹرنیٹ پر لوگوں کی حرکات و سکنات کو مانیٹر کیا جائے گا اور پولیس کو بھی اضافی اختیارات دیے جائیں گے جس کے تحت پولیس کسی بھی شخص کا پاسپورٹ ایک ماہ تک اپنے پاس رکھ سکے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس نئے قانون کے تحت تعلیمی اداروں کو دہشت گردی کے خلاف اقدامات کرنا ہوں گے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اپوزیشن اس بل کی مخالفت کر رہی ہے۔