لندن ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ نے آج اس ملک کو درپیش دہشت گردی کے خطرہ کی سطح کو ’’قابل لحاظ‘‘ سے بڑھا کر ’’شدید‘‘ کردیا جو عراق اور شام میں جاری لڑائیوں سے ابھرنے والے خطرات کے پیش نظر اقدام ہے، جس کا مطلب ہیکہ دہشت گردانہ حملہ ’’نہایت ممکن‘‘ سمجھا جاتا ہے۔ 2011ء کے بعد سے اس طرح دوسرے اعظم ترین سطح تک چوکسی بڑھادینے کا فیصلہ برطانوی انتہاء پسندوں سے درپیش خطرات کی روشنی میں کیا گیا ہے جیسا کہ وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے تصدیق کی ہیکہ کم از کم 500 افراد برطانیہ سے سفر کرتے ہوئے شام اور ممکنہ طور پر عراق میں لڑنے کیلئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مملکت اسلامی تنظیم کے انتہاء پسند خطہ میں خلافت قائم کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور ہمارے سیکوریٹی کیلئے شدید خطرہ بن سکتے ہیں۔