برطانیہ میں جعلی یونیورسٹی ڈگریوں کے 40 ویب سائیٹس بند

لندن ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ نے بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے چین جیسے ممالک کو جعلی برطانوی یونیورسٹی ڈگریاں فروخت کرنے والے 40 ویب سائیٹس کو بند کردیا ہے، جن میں چند ایسے سائیٹس بھی ہیں جو حقیقی برطانوی جامعات کے نام استعمال کرتے ہوئے اصل نظر آنے والے جعلی صداقتنامے فروخت کررہے تھے۔ بی بی سی نے خبر دی ہیکہ دیگر ویب سائیٹس اگرچہ فاصلاتی کورسیس فراہم کررہے تھے لیکن وہ برطانیہ میں ڈگری فراہم  کرنے کے اہل ادارے نہیں تھے۔ اس مسئلہ کی تحقیقات کیلئے تشکیل شدہ ادارہ نے کہا ہیکہ اس کے پاس 90 سے زائد بوگس اداروں کے نام موجود ہیں۔ بی بی سی کی جنوب مشرقی تحقیقات نے پتہ چلایا تھا کہ یونیورسٹی آف کینٹ کے ڈگری سرٹیفکیٹس چین میں صرف 500 پاونڈ میں فروخت کیلئے آن لائن پیش کئے گئے تھے۔

برطانیہ میں 2017ء کی پہلی بچی ہندوستانی خاتون کو تولد ہوئی
لندن ۔ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ میں 2017ء کے نئے سال کے شروع ہوتے ہی سب سے پہلے جس بچی نے جنم لیا وہ ایک ہندوستانی نژاد خاتون کو تولد ہوئی جس نے اس دنیا میں رات 12-01 بجے آنکھ کھولی جب دنیا کو 2017ء میں داخل ہوئے صرف ایک منٹ ہی گذرا تھا۔ 35 سالہ بھارتی دیوی نے سٹی ہاسپٹل موقوعہ برمنگھم میں ایک تندرست بچی کو جنم دیا جس کا نام ایلینا کماری رکھا گیا ہے ۔ ہاسپٹل سے بھارتی نے میڈیا کو بتایا کہ بچی بالکل تندرست ہے۔ اس نے کہا کہ بچی کی پیدائش پانچ دن تاخیر سے ہوئی ہے۔ ہم یہی توقع کررہے تھے کہ وہ 2016ء میں پیدا ہوگی۔ بھارتی کا ایک دو سالہ بیٹا آدیو کمار بھی ہے جبکہ اس کے شوہر اشونی کمار ایک سیلز اسسٹنٹ ہیں۔