برطانیہ میں بننے والی یورپ کی پہلی ’ماحول دوست‘ مسجد

لندن۔ 27 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کے تاریخی شہر کیمبرج میں ایک اور تاریخ رقم ہوئی ہے۔ یہاں برطانیہ اور یورپ کی پہلی ’ایکو فرینڈلی‘ یا ماحول دوست مسجد تعمیر کی گئی ہے جسے اب عام نمازیوں کیلئے کھول دیا گیا ہے۔23 ملین پاؤنڈ کی لاگت سے بنائی جانے والی کیمبرج سینٹرل مسجد تقریباً بارہ برس زیرِ تعمیر رہی۔ اس مسجد کے آرکیٹکٹ کہتے ہیں کہ یہ 21 ویں صدی کے برطانیہ میں ’اسلام کا ثقافتی پل‘ ثابت ہو گی۔مسجد کی ٹرسٹ کے ترجمان ڈاکٹر عبدالحکیم کہتے ہیں کہ ایک اندازے کے مطابق کیمبرج کے 6000 مسلمان رہائشی شہر میں بنائی گئی پرائیوٹ رہائش گاہوں، چھوٹی چھوٹی مساجد یا گنجائش سے زیادہ بھرے ہوئے اسلامک سنٹروں میں نماز ادا کرتے تھے، اس لیے کیمبرج میں ایک مکمل مسجد کی اشد ضرورت تھی۔ کیمبرج سٹی کونسل کے مطابق اس کو مسجد کے منصوبے کی مخالفت میں 50 خط ملے جبکہ اس کی حمایت میں 200 خط موصول ہوئے۔ اس مسجد کی تعمیر کے روح رواں ماضی کے عظیم گلوکار کیٹ اسٹیونز ہیں جو بعد میں اسلام قبول کر کے یوسف اسلام کہلائے اور کیمبرج یونیورسٹی میں اسلامک اسٹڈیز کے لیکچرار اور معروف سکالر ٹم ونٹر ہیں۔ یوسف اسلام نے مسجد کی تعمیر کے لیے چندہ اکٹھا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ ترکی کے صدر طیب اُردغان سے ملے۔ ترکی نے مسجد کی تعمیر میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس مسجد میں بیک وقت 1000 نمازی نماز پڑھ سکیں گے، اس کے زیرزمین کار پارک میں 82 گاڑیاں اور 300 سائیکلیں کھڑی کرنے کی گنجائش ہے۔