برطانیہ میں برفباری سے معمولاتِ زندگی جزوی مفلوج

لندن۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) زبردست برف باری اور شدت کی سردی سے برطانیہ میں آج معمولاتِ زندگی مفلوج ہوگئے۔ پروازیں اور ٹرین خدمات منسوخ کردی گئیں۔ تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے۔ وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے برطانوی عوام سے اپیل کی ہے کہ محکمہ موسمیات کی چوکسی کی اطلاعات پر توجہ دیں۔ مانچسٹر ایرپورٹ بند کردیا گیا۔ سفر میں موسمی خلل اندازی سے پورے شمالی انگلستان میں پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ ایرپورٹ کی خدمات تقریباً 4 گھنٹے کے بعد شروع کی جاسکیں۔ مسافرین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ معمول کا مزاج برقرار رکھیں۔مانچسٹر ایرپورٹ کے ترجمان نے کہا کہ ناقص موسم کے بعد پروازوں کا احیاء عمل میں آیا جو تاخیر کا شکار ہوگئی تھیں۔ تمام مسافرین سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ حفاظت اور صیانت کو اولین ترجیح دیں۔ ہم نے مشورہ دیا ہے کہ ایرپورٹ کے حسب معمول بحال ہونے تک ایرلائنس کو تازہ ترین حالات سے واقفیت حاصل کرتے رہنا چاہئے۔ دیگر علاقوں میں سینکڑوں اسکولوں بند کردیئے گئے۔ یارک شائر، ڈربی شائر اور شمال مشرقی انگلستان بدترین متاثرہ علاقے ہیں۔ اسکاٹ لینڈ میں بھی شدید سردی کی وجہ سے 130 اسکولس بند کردیئے گئے ۔ سڑکیں سنسان ہیں۔ یہاں سب سے زیادہ برف باری ہوئی ہے۔