لندن۔ 16؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ برطانیہ میں آندھی اور سیلاب سے 4 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جب کہ حادثات میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے اکثر علاقوں کو آج شب سے کل تک برفباری کا سامنا ہے۔ جنوب مغربی انگلینڈ کے کئی علاقے تاحال سیلاب کی زد میں ہیں۔ ہیمل ہیمسٹیڈ علاقہ میں اچانک 35فٹ کا گڑھا پیدا ہوگیا جس سے کئی مکانوں کے گرنے کاخدشہ پیدا ہوگیاہے۔ ہنگامی عہدیداروں نے گڑھے کے اطراف موجود سترہ 17 مکانات خالی کرالیے ہیں۔ تاہم یہ واضح نہیں ہوسکاکہ گڑھاکیسے پیداہوا۔اورمزیدکن علاقوں میں ایسے گڑھے پیداہونے کاخدشہ ہے۔ جمعہ کی شب لندن کے علاقہ ہوبورن میں عمارت سے پتھرگرنے کے سبب منی کیب ڈرائیور خاتون حادثہ کا شکار ہوگئی۔
انڈر گراونڈ اسٹیشن کے سامنے پیش آئے اس واقعہ میں کیب میں سوارایک مرداورخاتون زخمی بھی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیاگیا۔اس دوران ہیمشائر کے علاقے ملفرڈمیں طوفان میں پھنسے افراد کو بھی بحفاظت محفوظ مقام پرمنتقل کردیا گیا۔ طوفان کے دوران کروزشپ کامسافر80میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی آندھی کا شکار ہوا۔ انگلش چینل میں پیش آئے اس واقعہ میں مارے گئے شخص کی عمر85برس تھی۔ جبکہ نارتھ ویلز میں درخت گرنے سے عمر رسیدہ شخص چل بسا اورویلز ہی میں حاملہ خاتون بھی حادثے کا شکار ہوئی جس میں اسکابچہ بھی ماراگیا۔حکام آبادی سے پانی نکالنے میں مصروف ہیں، تاہم دریاوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کے سبب کارن وال سے ہپمشائراورٹیمزویلی میں 16 فلڈوارننگ جاری کی گئی ہیں اور متاثرہ علاقوں میں مزید اموات کاخدشہ ظاہرکیاہے۔انرجی نیٹ ورک اسوسی ایشن کا کہناہے کہ ملک بھرمیں سیلاب سے متاثرعلاقوں کے دیڑھ لاکھ افراد بجلی سے بھی محروم ہیں۔