لندن 30 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) برطانیہ کی جانب سے آئی ایس دہشت گردوں سے مقابلہ میں عراقی افواج کی مدد کیلئے مزید 250 سپاہیوں کو روانہ کیا جائیگا ۔ آئی ایس نے ملک میںوسیع علاقہ پر قبضہ کرلیا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ بیشتر سپاہی صوبہ عنبر میں الاسد فضائی اڈہ کو روانہ کئے جائیں گے ۔ عراق جنگ میں برطانیہ کی شمولیت سے متعلق ایک عراقی انکوائری رپورٹ کے منظر عام پر آنے سے ایک ہفتہ قبل برطانیہ نے اضافی سپاہیوں کو عراق روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جو سپاہی عراق روانہ کئے جائیں گے ان میں 50 ٹرینرس ‘90 سپاہی ایسے ہونگے جو وہاں برطانوی اڈہ کی حفاظت کرینگے جبکہ 30 سپاہی ہیڈکوارٹرس کے قیام میں مدد کرینگے ۔ کہا گیا ہے کہ تقریبا 80 انجینئرس وہاں انفرا اسٹرکچرکو بہتر بنانے کیلئے چھ ماہ تک کام کرینگے ۔ عراقی فورسیس نے داعش کو اپنی جوابی کارروائیوں کے ذریعہ مدافعت پر مجبور کردیا ہے اورکچھ علاقوں کو واپس لیتے جا رہی ہیں۔ عراقی فورسیس کی کارروائی میں داعش کا مالیہ متاثر ہوا ہے اور اس کی قیادت بھی کمزور ہوگئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ برطانوی فورسیس کی تعیناتی سے عراقی فورسیس کو اب تک حاصل کی گئی کامیابیوں کو مزید مستحکم کرنے اور پیشرفت کرنے میں مدد مل سکتی ہے ۔ اس کے علاوہ داعش کے دستوں کو مقبوضہ علاقوں میں مزید پیچھے ڈھکیلنے میں بھی مدد مل سکتی ہے ۔ جاریہ ماہ کے اوائل میں داعش کو عراقی فورسیس کے خلاف فلوجہ شہر میں شکستہ وئی تھی اور یہاں سے ان کا قبضہ ختم ہوگیا تھا ۔