لندن ۔26جون ( سیاست ڈاٹ کام ) یورپی یونین سے علیحدگی کے ریفرینڈم کے بعد برطانیہ کی لیبر پارٹی میں ایک قسم کا سیاسی بحران نظر آ رہا ہے جس کے نتیجے میں شیڈو کابینہ کے ایک وزیر کو برطرف کر دیا گیا ہے۔حزب اختلاف لیبر پارٹی کے سربراہ جرمی کوربن نے اپنے خارجہ امور کے ترجمان ہلیری بن کو برطرف کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ہلیری بن شیڈو کابینہ کے اپنے ساتھی اراکین کو اس بات کے لیے رضامند کر رہے تھے کہ اگر مسٹر کوربن عدم اعتماد کی درخواست کو نظر انداز کرتے ہیں تو وہ سب مستعفی ہو جائیں۔خیال رہے کہ لیبر سربراہ کے خلاف عدم اعتماد کا ووٹ پیر کو ان کی ’کمزورمہم‘ کے لیے درپیش ہے۔نامہ نگاروں کا کہنا ہے یورپی یونین میں شامل رہنے کے حق میں پارٹی کی جانب سے چلائی جانے والی مہم میں ’مسٹر کوربن کے ڈھیلے ڈھالے رویے نے تعاون کیا ہے‘ اور زیادہ تعداد میں اپنے ووٹروں کو یورپی یونین میں شامل رہنے کے حق میں ووٹ ڈالنے کے لیے لانے میں پارٹی ناکام رہی ہے۔اس سے قبل جمعہ کو وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا تھا کہ وہ اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے تاکہ ان کے جانشین کو یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی پر بات چیت کا موقع مل سکے۔ لیبر رکن پارلیمان ڈیم مارگریٹ ہوج اور این کوفی نے پارلیمانی لیبر پارٹی کے چیئرمین جان کرائر کو ایک خط لکھ کر مسٹر کوربن کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک چلائی ہے۔