لندن ۔ یکم ؍ مئی (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ میں 7مئی کو ہونے والے انتخابات کے لیے سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئیں۔ وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے انتخابی مہم کا آخری ٹی وی مباحثہ جیت لیا۔ برطانیہ میں 7مئی کو ہونے والے انتخابات سے پہلے آخری ٹی وی مباحثہ لیڈز میں ہوا، جس میں برطانیہ کی 3بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے حصہ لیا۔ انتخابی مہم کے سروے پولز کے مطابق یہ مقابلہ کنزرویٹو پارٹی کے رہنما اور موجودہ وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے جیت لیا۔ 44فیصد ناظرین کے مطابق ڈیوڈ کیمرون نے بحث کے دوران بہترین جوابات دیے۔ مباحثے میں لیبرپارٹی کے رہنما ایڈ ملی بینڈ اور لبرل ڈیموکریٹ پارٹی کے رہنما نک کلیگ نے شرکت کی۔ برطانوی دارالعوام میں برتری کے لیے 650میں سے کم از کم 326نشستیں درکار ہوتی ہیں۔ رائے عامہ کے مختلف جائزوں کے مطابق انتخابات میں سخت مقابلے کا امکان ہے اور کوئی بھی پارٹی واضح اکثریت حاصل نہیں کر سکے گی۔ جس کے باعث اتحادی حکومت بننے کا امکان ہے۔