لندن ۔ 27 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ یونیورسٹی کے وائس چانسلرز کی جانب سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ سرکاری امیگریشن پالیسی کے نتیجے میں برطانوی یونیورسٹیوں میںبرصغیر سے آنے والے طلباء کی تعداد میں دو سال کے دوران نصف سے زیادہ کمی ہوگئی ہے۔ رپورٹ میں اتحادی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان پالیسیوں کی وجہ سے برطانوی یونیورسٹیوں میں غیر ملکی طلباء میں کمی ہو رہی ہے۔ یونیورسٹیز یو کے کی رپورٹ میں حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنی اسٹوڈنٹس امیگریشن پالیسی میں تبدیلی کرے۔ (UUK) کی نکلولا ڈان یرج کا کہنا ہے کہ یہ رپورٹ آئندہ ہفتے کنزرویٹو پارٹی کی کانفرنس میں پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی اسٹوڈنٹس برطانوی معیشت کو ہر سال 7بلین پونڈ سے زیادہ کا فائدہ دیتے ہیں۔