لندن 14 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی قانون سازوں نے آج فلسطین کو بحیثیت مملکت تسلیم کرنے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ یہ ایک علامتی اقدام ہے جس کا مقصد اسرائیل ۔ فلسطین تنازعہ کی دو مملکتی حل کیلئے دباؤ میں اضافہ کرنا ہے۔ دارالعوام میں ارکان نے تحریک کے حق میں 274-12 سے ووٹ دیتے ہوئے اِس کی تائید کی اور حکومت برطانیہ پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی مملکت کے ساتھ فلسطینی مملکت کو تسلیم کرے۔ وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون اور دیگر لیڈرس غیر حاضر رہے۔ اِس کے علاوہ 650 دارالعوام ارکان کی نصف سے زائد تعداد نے رائے دہی میں حصہ نہیں لیا۔ لیکن اِس تحریک کو سرکاری اور اپوزیشن قانون سازوں کی تائید حاصل تھی۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ایسا کرنے سے حالیہ غزہ جنگ کے باوجود امن پیشرفت ممکن ہوسکے گی۔ لیبر پارٹی کے رکن گراہم موریس نے کہاکہ فلسطینی مملکت کو تسلیم کرنے سے امن مذاکرات میں تعطل ختم کرنے میں مدد ملے گی ۔دریں اثناء اسرائیل نے برطانوی پارلیمان کے اقدام کو مسترد کردیا ۔