لندن ۔ 17 نومبر ۔( سیاست ڈاٹ کام )برطانوی پارلیمنٹ کے ایک بڑے حصہ کا آج اُس وقت تخلیہ کرادیا گیا جب اس کے احاطہ میں مشتبہ پیاکٹ دستیاب ہوا ۔ سکیورٹی حکام نے اسے بم تصور کرتے ہوئے سارے علاقہ کا محاصرہ کرلیا اور ارکان کے تحفظ کیلئے فوری اقدامات شروع کردیئے ۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوان کے روبرو واقع آفس بلڈنگ اور اُس کے اوپری حصہ کے علاوہ ویسٹ منسٹر انڈر گراؤنڈ اسٹیشن کا بھی تخلیہ کرادیا گیا جس کے بعد سارے علاقہ کی جامع تلاشی لی گئی ۔ لندن کے میٹرو پولیٹن پولیس کی خاتون ترجمان نے یہ بات بتائی ۔ انھوں نے کہا کہ عوام پارلیمنٹ کے دونوں ایوان کے دفاتر ، کمیٹی رومس اور ریسٹورنٹس میں موجود تھے ۔ جیسے ہی بم کا شبہ ہوا ان سب کا تخلیہ کرادیا گیا ۔ پورٹ کیولیس ہاوز جو ویسٹ منسٹر انڈر گراؤنڈ اسٹیشن کے اوپر واقع ہے اور یہ زیر زمین راستہ کے ذریعہ ویسٹ منسٹر پیالیس کو مربوط کرتا ہے ۔