برطانوی ویزا فیس میں اضافہ زیرغور

لندن ۔ 24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ نے اپنے بجٹ میں 50 ملین پاونڈ کے کمی کو پورا کرنے کیلئے ویزا فیس میں غیرمعمولی اضافہ کا منصوبہ بنایا ہے جس سے ہندوستان جیسے کئی ملکوں کے طلبہ اور تاجرین کو اس ملک کے سفر کیلئے راغب کرنے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کی کوششوں کو دھکا لگ سکتا ہے۔ وزیراعظم کیمرون نے تیز رفتار ترقی پذیر ممالک کے طلبہ و تاجرین اور دیگر سیاحوں کو جلد اور آسان طریقہ سے ویزا کی فراہمی کے ایک منصوبہ کا اعلان کیا تھا۔ اس سے چند ہفتوں قبل وزیرداخلہ تھریسامے بشمول ہندوستان چند منتخب ملکوں کے سیاحوں کیلئے لازمی قرار دیئے جانے والے 3000 پاونڈ کے ویزا بانڈس کو مجبوراً واپس لیا تھا۔ برطانوی دفتر داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ ’’ویزا کی فیس میں اضافہ ہورہا ہے کیونکہ ہم اپنے ٹیکس دہندگان پر امیگریشن نظام کے مصارف کا بوجھ کم کررہے ہیں۔ امیگرنٹس اور سیاحوں کو امیگریشن نظام کیلئے اپنا منصفانہ حصہ ادا کرنا چاہئے‘‘۔