حیدرآباد 8 مئی (سیاست نیوز) برطانیہ کے وزیر مارک فیلڈ نے آج ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت سے ملاقات کی۔ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے مواقع سے کے ٹی آر نے واقف کرایا۔ ریاستی وزیر نے مختصر عرصہ میں تلنگانہ کی ترقی سے برطانوی وزیر کو واقف کراتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ سارے ملک میں محفوظ اور بزنس کے لئے سازگار ریاست کے طور پر اُبھر رہا ہے۔ ٹی ہب ساری دنیا کو اپنی طرف راغب کرنے میں غیرمعمولی رول ادا کررہا ہے۔ ملک و بیرون ممالک کی کئی بڑی کمپنیوں اور کارپوریٹ اداروں نے حیدرآباد میں اپنے دفاتر قائم کئے ہیں۔ کے ٹی آر نے تلنگانہ کے مختلف شعبوں، آئی ٹی، ٹیکسٹائیل، بائیو ٹیک، ایرو اسپیس، فوڈ پروسیسنگ، طبی آلات کی تیاری، کاکتیہ میگا ٹیکسٹائیل کے بشمول صنعتی شعبہ میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی اور برطانوی وزیر کو بتایا کہ ٹی ہب اسٹارٹ اپس کو برطانیہ سے مربوط کرنے کے لئے ٹی برج کی توسیع کے منصوبے سے بھی واقف کرایا۔ مارک فیلڈ نے ٹی ہب کا دورہ کرتے ہوئے اسٹار ٹ اپ کے نمائندوں سے تفصیلی بات چیت کی۔ نئی ایجادات کے لئے حکومت تلنگانہ سے حاصل ہونے والی حوصلہ افزائی کی زبردست ستائش کی۔