برطانوی مسلم ٹیچر کو امریکہ میں داخلہ سے روک دیاگیا

ویزا کے باوجود حکام نے بنگلہ دیش نژاد مسلم کو طیارہ سے اتار دیا
لندن ۔ 22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ایک 25 سالہ بنگلہ دیشی نژاد برطانوی مسلم ٹیچر کو جو آئس لینڈ سے نیویارک کا اسکولی سفر کررہے تھے جائز ویزا رکھنے کے باوجود انہیں امریکہ میں داخلہ کی اجازت دینے سے مبینہ طور پرانکار کردیا گیا۔ اس واقعہ سے طلبہ  اور اساتذہ میں صدمہ کی لہر دور گئی۔ جوبیل میاں جو اسکولی بچوں کے ایک گروپ اور ساتھی ٹیچروں کے ہمراہ آئیس لینڈ کے دارالحکومت ویکجاوک سے 16 فبروری کو امریکہ روانہ ہورہے تھے کہ انہیں طیارہ سے اتار دیا گیا۔ اس واقعہ سے ایک ہفتہ قبل امریکہ میں مرافعہ کی ایک عدالت نے اپنے کلیدی فیصلہ کے ذریعہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اس متنازعہ حکمنامہ پر عمل آوری کو معطل کردیا تھا، جس کے ذریعہ سات مسلم اکثریتی ممالک سے تعلق رکھنے والے مسافرین کے امریکہ میں داخلہ پر عارضی امتناع عائد کردیا گیا تھا۔ جوبیل میاں نے کہا کہ حکام نے ان کا لگیج لے لیا تھا اور انہیں ایک ’’تکلیف دہ ہوٹل‘‘ میں ٹھہرایا گیا تھا۔ بعدازاں ان کے اسکولی حکام نئے ٹکٹ کے ساتھ برطانیہ واپسی کا انتظام کیا۔