لندن ۔ یکم فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) برطانیہ میں کئی مساجد کو آج مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے عوام کیلئے کھول دیا گیا اور انتہا پسندوں کی طرف سے مذہبی مقامات کے استعمال کے بارے میں پیداشدہ تشویش کے درمیان بتایا گیا کہ ان مساجد کے اُمور کس طرح چلائے جاتے ہیں ۔ برطانیہ کی مسلم کونسل ( ایم سی پی ) نے کہا کہ مساجد کی طرف سے آج مہمانوں کی ضیافت کی گئی اور انہیں بتایا گیا کہ وہ کس طرح مساجد کے اُمور چلاتے ہیں ۔ مذہبی اتحاد کے مظاہرہ کیلے دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افرادکو بھی مدعو کیا گیا ہے ۔ پیرس میں گذشتہ ماہ اسلامی عسکریت پسندوں کے ہاتھوں 17افراد کی ہلاکت کے بعد پیدا شدہ مخالف مسلم جذبات و احساسات پر برطانوی مسلم کونسل نے گہری تشویش کا اظہار کیا ۔ برطانوی مسلم کونسل نے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے برطانوی عوام میں اسلام کے بارے میں پیدا شدہ بدگمانیوں اور غلط فہمیوں کو دور کرنے کیلئے اس ملک کی تمام مساجد کو آج عوام کیلئے کھول دینے کا اعلان کیا تھا ۔ برطانیہ میں 1,750 مساجد ہیں اور 20مساجد نے آج کے پروگرام میں حصہ لیا ۔ 50تا 60 فیصد مساجد کا ایم سی پی سے الحاق ہے ۔