لندن ۔25 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ میں ایک 22 سالہ سکھ فوجی جس نے برطانوی ملکہ ایلزبتھ دوم کی سالگرہ تقریب میں پریڈ کے دوران پگڑی پہن کر پریڈ میں حصہ لینے والے فوجی کے طورپر نئی تاریخ رقم کی تھی ، تاہم بدقسمتی دیکھئے کہ یہی فوجی اب کوکین کے استعمال کے لئے ٹسٹ کئے جانے پر قصوروار پایا گیا ہے جس سے اُسے برطانوی فوج سے خارج کردیا جائے گا ۔ چرن پریت سنگھ لال نے ماہ جون میں اُس وقت تاریخ رقم کی تھی جب پریڈ میں پگڑی پہن کر اُس نے شرکت کی تھی ۔ گزشتہ ہفتہ فوجیوں کے بیرکس میں کئے جانے والے منشیات ٹسٹ میں چرن پریت کو بہت زیادہ مقدار میں کوکین کے استعمال کا مرتکب قرار دیا گیا ۔ اس واقعہ کے بعد چرن پریت کے دیگر فوجی ساتھی بھی حیرت زدہ رہ گئے ۔ ایک ایسا وقت تھا جب اُسے شہرت ملی اور اب ایک ایسا وقت آگیا ہیکہ اُس کی بدنامی کے چرچے ہرطرف ہورہے ہیں۔ بہرحال قطعی فیصلہ چرن پریت کے کمانڈنگ آفیسر پر منحصر ہے کہ وہ اُسے فوجی ملازمت سے برخاست کرتے ہیں یا پہلی غلطی سمجھ کر معاف کرتے ہیں۔ اس واقعہ کی تفصیلی تحقیقات کی جارہی ہے ۔