پانی کی قلت سے متاثرہ علاقوں میں بورویلز کی تنصیب کی پیشکش
بلا لحاظ مذہب و ملت خدمت کے لیے سلیمان اسمعیل بھیاط کا عہد
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : دین اسلام میں پیاسوں کو پانی پلانے بھوکوں کو کھانا کھلانے اور ننگوں کو لباس پہنانے یا فراہم کرنے کی کافی اہمیت ہے ۔ پیاس کی جب بات آتی ہے تو شہداء کربلا کی یاد اپنے ساتھ لاتی ہے ۔ اگر اللہ کا کوئی بندہ ان علاقوں میں جہاں پانی کی قلت ہو بورویلز کھدوانے اور بورویلز کا انتظام کرنے کا پیشکش کرتا ہو تو یقینا اللہ تعالیٰ نے اسے اس نیک کام کی توفیق عطا کی ہے ۔ قارئین ہم بات کررہے ہیں ہندوستانی نژاد برطانوی شہری جناب سلیمان اسمعیل بھیاط کی جن کے دل میں خدمت خلق کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ہے ۔ سلیمان اسمعیل بھیاط ملے پلی کے تبلیغی مرکز آئے ہوئے تھے کہ وہاں ان سے لوگوں نے دوران گفتگو بتایا کہ حیدرآباد میں روزنامہ سیاست ایک ایسا ادارہ ہے جو اپنی ملی خدمات کے لیے سارے ملک میں معتبر اور قابل بھروسہ تسلیم کیا جاتا ہے ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں ملت کی خدمت کا غیر معمولی جذبہ رکھتے ہیں ۔ ادارہ سیاست کے ذریعہ ملت کی رہنمائی کی جاتی ہے ۔ مختلف شعبوں میں مسلم نوجوانوں کو آگے بڑھانے کے اقدامات کئے جاتے ہیں ۔ روزنامہ سیاست بلا لحاظ مذہب و ملت رنگ و نسل عوام کی خدمات بجالا رہا ہے ۔ چنانچہ سلیمان اسمعیل بھیاط نے جن کے والد کا تعلق گجرات کے راجیور سے ہے ، ایڈیٹر سیاست سے ملاقات کی ۔ بھیاط کا خاندان جنوبی افریقہ منتقل ہوا تھا وہاں سے وہ برطانیہ چلے آئے اور پھر برطانیہ میں کئی کاروبار کئے ۔ برمنگھم کے قریب کاونٹری کے وہ مکین ہیں ۔ وہاں سے وہ لیبر پارٹی کے امیدوار کی حیثیت سے کونسل کے رکن بھی منتخب ہوئے تھے ۔ سفیر کی حیثیت سے چین کا بھی دورہ کیا تھا ۔ لیکن عراق پر امریکہ برطانیہ اور ان کے اتحادیوں کے قبضہ کے بعد انہوں نے لیبر پارٹی سے استعفیٰ دے دیا ۔ انہوں نے میوات میں ایک مدرسہ بھی تعمیر کروایا جہاں لڑکیوں کو زیور علم سے آراستہ کیا جاتا ہے ۔ سلیمان اسمعیل بھیاط کا کہنا ہے کہ حیدرآباد اور اس کے اطراف و اکناف 60 کلو میٹر تک جہاں بھی عوام کو پانی کی قلت کا سامنا ہے وہ ان سے ربط پیدا کریں اپنی آخرت سنوارنے کی خاطر وہ ان علاقوں میں بورویلز کی تنصیب عمل میں لائیں گے ۔ ان سے فون 9963026930 پر ربط کیا جاسکتا ہے ۔۔