ترکی کے لوگ بہت ہی مہربان و مہمان نواز
استنبول ۔ /3 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کے دارالحکومت لندن سے بائیسکل کے ذریعے عازم سفر ہونے والے 56 سالہ جینک پلینوئر 12 ہزار 255 کلو میٹر فاصلہ طئے کرنے کے بعد ترکی کے ضلع آئیدن پہنچ گئے ہیں ۔ پلینوئر فرانسیسی الاصل ہیں اور لندن میں بیرے کا کام کرتے ہیں ۔ بائیسکل پر بیرونی ممالک کی سیر کرنے کا فیصلہ کرنے کے بعد وہ /5 مئی کو عازم سفر ہوئے ۔ یوروپ کے 9 ممالک کی سیر کرنے کے بعد وہ ترکی پہنچے اور مختلف شہروں میں گھومنے کے بعد یونان جانے کے لئے آئیدن پہنچ گئے ہیں ۔اپنے سفر کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ دکھاوے اور بناوسنگھار سے پاک دنیا کا تصور کرتے ہیں اور فطرت کے ساتھ گھل مل کر زندگی گزارنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ترکی کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترک بہت اچھے ، مہمان نواز اور مہربان لوگ ہیں ۔ انہوں نے مجھے کھانا کھلایا یہاں تک کہ میرے کپڑے بھی دھلوائے ۔ ترکی درحقیقت ایک بڑا ملک ہے یہاں بہت زیادہ پہاڑ ہیں ۔ ملک کی تاریخی اور جغرافیائی خوبصورتی بہت زیادہ ہے ۔ خاص طور پر یہاں کی سڑکیں مجھے بہت پسند آئیں ۔ پلینوئر نے کہا کہ ترکی میں ہونا ایک خوشگوار احساس ہے یہاں ہم سب سے پہلے خود کو محفوظ محسوس کرتے ہیں ۔