وادی منیٰ ۔ 14 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جاریہ سال برطانیہ سے 19 ہزار مسلمانوں نے فریضہ حج ادا کیا جن میں برطانوی سفیر متعینہ سعودی عرب سیمون پال کولیس اور ان کی اہلیہ ہدیٰ مجرکیج بھی شامل ہیں۔ چند سفارتکاروں اور صحافیوں کو ہی ان کے قبولیت اسلام کا پتہ تھا جبکہ سرکاری طور پر اس بارے میں کچھ بھی نہیں کہا گیا تھا۔ سعودی مصنفہ اور ماہر تعلیم فوزیہ ال بکر کے ٹوئیٹ کے بعد اس کی توثیق ہوئی۔ انہوں نے سفیر کولیس اور ان کی اہلیہ کی احرام میں دو تصاویر پوسٹ کی۔ اس کے جواب میں سفیر پال کولیس نے فوزیہ ال بکر کا شکریہ ادا کیا۔ ان کی اہلیہ ہدیٰ نے بھی جوابی ٹوئیٹ کیا۔ پولیس نے بتایا کہ وہ تقریباً 30 سال سے مسلم معاشرہ میں رہتے آئے ہیں اور انہوں نے ہدیٰ کے ساتھ شادی سے پہلے اسلام قبول کرلیا۔ وہ گذشتہ سال جنوری سے سعودی عرب میں برطانوی سفیر ہیں۔