برطانوی رکن پارلیمان جارج گیلووے حملے میں زخمی

واشنگٹن ۔ 30 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) برطانیہ کے مشہور سیاست دان اور اپوزیشن کی ’ریسپیکٹ پارٹی‘کے رکنِ پارلیمان جارج گیلووے ایک حملے میں زخمی ہوگئے ۔گیلووے کے ترجمان نے بتایا کہ 60 سالہ رہنما جمعہ کی شام لندن کے علاقے ناٹنگ ہِل میں عام لوگوں کے ساتھ تصاویر کھنچوا رہے تھے جب ان پر ایک شخص نے حملہ کیا۔ترجمان کے مطابق گیلووے کے چہرے اور سر پر شدید زخمی آئے ہیں اور انہیں ہاسپٹل منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت بہتر ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ گیلووے پر حملہ کرنے والا شخص دوسری جنگِ عظیم کے دوران جرمنی میں یہودیوں کے قتلِ عام (ہولو کاسٹ) سے متعلق نعرے بلند کر رہا تھا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گیلووے پر حملہ ان کے اسرائیل مخالف موقف کے باعث کیا گیا ہے۔پولیس نے حملہ آور کو حراست میں لے لیا ہے جس کی عمر 39 سال بتائی گئی ہے۔ گیلووے کے ترجمان کے مطابق انہوں نے ہاسپٹل میں پولیس کو اپنا بیان بھی ریکارڈ کرادیا ہے۔جارج گیلووے نے فلسطین کے علاقے غزہ پر اسرائیل کے حالیہ حملوں کے خلاف کئی سخت بیانات جاری کئے تھے جب کہ وہ برطانیہ میں اسرائیل کے خلاف مظاہروں کے انعقاد اور اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم میں بھی پیش پیش رہے ہیں۔