برمنگھم۔ 30 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) چھبیس سالہ برطانوی خاتون ترینہ شکیل پر خودساختہ خلافت سے واپسی پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔ ترینہ اپنے بیٹے کے ساتھ گزشتہ سال برطانیہ سے گئی تھی۔ ترینہ شکیل شدت پسند تنظیم داعش کی رکنیت کی مجرم قرار پائی ہیں۔ برمنگھم سے تعلق رکھنے والی ترینہ کو ٹوئٹر پر پیغامات کے ذریعے دہشت گردی کے اقدامات کی حوصلہ افزائی کا مجرم بھی ٹھہرایا گیا ہے۔ تاہم وہ ان الزامات کی تردید کرتی ہیں۔ انھوں نے تسلیم کیا کہ وہ شام گئی تھیں۔ برمنگھم کران کورٹ میں دو ہفتے کی سماعت کے بعد، ججز نے ان کے اس دعوے کو مسترد کر دیا کہ ان کی خواہش صرف شرعی قانون کے زیر اثر علاقے میں رہنے کی تھی۔ججز نے انھیں اُن کے وہ ٹویٹس ، اور تصاویر دکھائی جن میں دولت اسلامیہ کے نشان والی تصاویر شامل تھیں۔
ترینہ کو پیر کے روز سزا سنائی جائیگی۔