برطانوی حکومت شرعی شادیوں کی سیول رجسٹریشن کی خواہاں

لندن ۔ 2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی حکومت نے ملک میں فعال شرعیہ کونسلس کو ہدایت کی ہیکہ اسلامی شرعی قوانین کے تحت جو شادیاں کی جاتی ہیں ان کا برطانوی قانون کے مطابق رجسٹریشن کروایا جانا بھی ضروری ہے تاکہ شادیوں کو قانونی موقف حاصل ہوجائے۔ پروفیسر مونا صدیقی کی جانب سے تیار کی گئی رپورٹ کے مطابق اسلامی شرعی قوانین کے تحت انجام دی جانے والی شادیوں کو آسان طریقہ سے رجسٹریشن کروائے جانے کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ طلاق کی صورت میں خواتین کو تحفظ فراہم کیا جاسکے۔ برطانیہ میں موجودہ میریج ایکٹ کے تحت شرعی طور پر انجام دی جانے والی شادیوں کے رجسٹریشن کی کوئی قانونی ضرورت نہیں ہے جسکے تحت طلاق یا دیگر تنازعات صرف شرعی عدالتوں تک ہی محدود ہوتے ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہیکہ برطانیہ میں مسلمانوں کی کثیر تعداد چونکہ سیول قوانین کے تحت اپنی شادیاں رجسٹر نہیں کرواتی لہٰذا مسلم خواتین کے پاس سیول طلاق حاصل کرنے کا بھی متبادل نہیں ہوتا۔