لندن۔ 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) شمال مغربی برطانیہ کا ایک ثانوی اسکول مسلم طالبات کی طرف سے استعمال کئے جانے والے حجاب یا نقاب کو یونیفارمس کے ایک حصہ کے طور پر فراہم کرتے ہوئے ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا اسکول بن گیا ہے۔ برن لے لنکا شائر میں واقع سرجان تھرسیٹی کمیونٹی کالج نے حجاب یا نقاب کو پھاڑ دیئے جانے کے واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے یونیفارم کا یہ نیا طریقہ کا نافذ کیا ہے، تاہم اس اقدام پر بعض مسلم طالبات اور ان کے سرپرستوں نے تنقید کی ہے جو یہ محسوس کرتے ہیں کہ یونیفارمس کے ساتھ دیئے جانے والے حجاب آرام دہ اور باوقار نہیں ہیں۔ انہوں نے ایک آن لائن درخواست پیش کی ہے جس پر 150 افراد دستخط کئے ہیں۔ انہوں نے نئے حجاب کے ضمن میں مشاورت کے فقدان پر احتجاج کیا ہے۔ انہوں نے اس اقدام کے پوشیدہ ایجنڈہ پر بھی سوالات اٹھائے ہیں، لیکن ہیڈ ماسٹر ڈیوڈ برٹن نے سرپرستوں کو لکھے گئے مکتوب میں اس اقدام کی مدافعت کرنے پر زور دیا اور اس خیال کو غلط قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا کہ اس حجاب یا نقاب کے خلاف ہے۔