لندن۔ 9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آئندہ ہفتہ اسکاٹ لینڈ کی آزادی پر رائے دہی سے قبل برطانوی ارکان پارلیمان نے ملکہ ایلزبتھ دوم سے اپیل کی کہ وہ استصواب عامہ پر مباحثہ میں مداخلت کریں کیونکہ پولس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسکاٹ لینڈ کے ساتھ 300 سال قدیم برطانیہ کا سیاسی اتحاد ختم کرنے کی تائید میں اضافہ ہوا ہے۔ اسکاٹ لینڈ کے ویسٹ منسٹر کے ارکان پارلیمنٹ کو گہری تشویش ہے کہ برطانیہ کے ساتھ الحاق ختم ہوجائے گا چنانچہ انہوں نے ملکہ سے اپیل کی ہے کہ اپنا نقطۂ نظر ظاہر کریں۔ روزنامہ ’’ڈیلی ٹیلیگراف ‘‘ میں اس بارے میں خبر شائع کی گئی ہے۔ وزیراعظم برطانیہ ڈیوڈ کیمرون سے بھی خواہش کی گئی ہے کہ وہ اپنا موقف واضح کریں۔