برصغیر میں جنگ ناگزیر

اسلام آباد /5 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی دہشت گرد حملوں کے اصل سازشی ذہن حافظ سعید نے ہندوستان پر تنقید کی کہ وہ کشمیر میں شرمناک انتخابات کروا رہا ہے اور کہا کہ برصغیر ہند میںجنگ ناگزیر ہے۔ حافظ سعید نے وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی سوال کیا کہ آخر وہ بار بار کشمیر کا دورہ کیوں کر رہے ہیں؟۔ یہ دورے ریاست کے عوام کو خاموش کرانے کی بہت بڑی سازش کا حصہ معلوم ہوتا ہے۔ جماعت الدعوۃ کے صدر نے لاہور میں پارٹی کنونشن سے خطاب کیا اور کہا کہ جنگ ناگزیر ہے، کشمیر کو آزاد کرالیا جائے گا، 1971ء کا انتقام لیا جائے گا اور گجرات فسادات کے متاثرین کو انشاء اللہ انصاف ملے گا۔ بی جے پی ساری دنیا کو یہ باور کرانے کی کوشش کر رہی ہے کہ کشمیر متنازعہ علاقہ نہیں ہے اور وہ کشمیر میں کامیابی کے لئے من گھڑت واقعات کو دُہراکر ماحول خراب کر رہی ہے، لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔